مسلم

Monday 19 March 20120 comments

مسلم
(جون1912ء(


ہر نفس اقبال تيرا آہ ميں مستور ہے
سينہ سوزاں ترا فرياد سے معمور ہے
نغمہ اميد تيري بربط دل ميں نہيں
ہم سمجھتے ہيں يہ ليلي تيرے محمل ميں نہيں
گوش آواز سرود رفتہ کا جويا ترا
اور دل ہنگامہء حاضر سے بے پروا ترا
قصہ گل ہم نوايان چمن سنتے نہيں
اہل محفل تيرا پيغام کہن سنتے نہيں
اے درائے کاروان خفتہ پا! خاموش رہ
ہے بہت ياس آفريں تيري صدا خاموش رہ
زندہ پھر وہ محفل ديرينہ ہو سکتي نہيں
شمع سے روشن شب دوشينہ ہوسکتي نہيں
ہم نشيں! مسلم ہوں ميں، توحيد کا حامل ہوں ميں
اس صداقت پر ازل سے شاہد عادل ہوں ميں
نبض موجودات ميں پيدا حرارت اس سے ہے
اور مسلم کے تخيل ميں جسارت اس سے ہے
حق نے عالم اس صداقت کے ليے پيدا کيا
اور مجھے اس کي حفاظت کے ليے پيدا کيا
دہر ميں غارت گر باطل پرستي ميں ہوا
حق تو يہ ہے حافظ ناموس ہستي ميں ہوا
ميري ہستي پيرہن عرياني عالم کي ہے
ميرے مٹ جانے سے رسوائي بني آدم کي ہے
قسمت عالم کا مسلم کوکب تابندہ ہے
جس کي تاباني سے افسون سحر شرمندہ ہے
آشکارا ہيں مري آنکھوں پہ اسرار حيات
کہہ نہيں سکتے مجھے نوميد پيکار حيات
کب ڈرا سکتا ہے غم کا عارضي منظر مجھے
ہے بھروسا اپني ملت کے مقدر پر مجھے
ياس کے عنصر سے ہے آزاد ميرا روزگار
فتح کامل کي خبر دتيا ہے جوش کارزار
ہاں يہ سچ ہے چشم بر عہد کہن رہتا ہوں ميں
اہل محفل سے پراني داستاں کہتا ہوں ميں
ياد عہد رفتہ ميري خاک کو اکسير ہے
ميرا ماضي ميرے استقبال کي تفسير ہے
سامنے رکھتا ہوں اس دور نشاط افزا کو ميں
ديکھتا ہوں دوش کے آئينے ميں فردا کو ميں
دوستوں کے ساتھ شئیر کریں :

آپ بھی اپنا تبصرہ تحریر کریں

اہم اطلاع :- غیر متعلق,غیر اخلاقی اور ذاتیات پر مبنی تبصرہ سے پرہیز کیجئے, مصنف ایسا تبصرہ حذف کرنے کا حق رکھتا ہے نیز مصنف کا مبصر کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

 
Support : Creating Website | Johny Template | Mas Template
Template Created by Creating Website Published by Mas Template
جملہ حقوق © 2011 SirAllama Iqbal Forum سر علامہ اقبال فورم | تقویت یافتہ بلاگر
جی ایکس 9 اردو سانچہ | تدوین و اردو ترجمہ محمد یاسرعلی